تلنگانہ میں 14,956 ایکڑ فصلوں کو نقصان: وزیر زراعت توملا ناگیشور راؤ

تلنگانہ میں 14,956 ایکڑ زرعی نقصان کی اطلاع، وزیر توملا کا بیان

حیدرآباد: تلنگانہ میں بے موسم بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں 14,956 ایکڑ زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر زراعت توملا ناگیشور راؤ نے جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتائی۔

وزیر نے کہا کہ یہ ابتدائی تخمینہ 3 سے 9 اپریل کے درمیان مختلف علاقوں میں کیے گئے زمینی سروے کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے، جس میں کئی اضلاع کی فصلیں متاثر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے متعلقہ حکام کو کسان وار تفصیلی سروے کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ہر کسان کے انفرادی نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے۔ اس سروے کی بنیاد پر متاثرہ کسانوں کو جلد از جلد مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

وزیر توملا نے یقین دہانی کرائی کہ ریاستی حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے مشکل حالات میں بر وقت معاوضہ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی تفصیلی رپورٹ مکمل ہوگی، امدادی رقوم جاری کرنے کا عمل فوری شروع کر دیا جائے گا۔

Exit mobile version