Read in English  
       
Cyber Fraudsters
Spread the love

حیدرآباد: کرشنا ضلع میں واقع ایک کھاد فروش کے موبائل فون سے Cyber Fraudsters نے جعلی فائل کے ذریعے 70 ہزار روپئے چُرا لیے۔ متاثرہ شخص رام بابو، جو کنکی پادو گاؤں میں کھاد کی دکان چلاتے ہیں، نے ایک واٹس ایپ گروپ میں موصول ہونے والی فائل کو چالان سمجھ کر کھول لیا، جو درحقیقت ایک APK (اینڈرائڈ انسٹالیشن فائل) تھی۔

رام بابو کا تعلق کھاد فروشوں کے ایک واٹس ایپ گروپ سے تھا، جہاں انہیں ایک فائل موصول ہوئی جس کا عنوان تو چالان PDF تھا، مگر فارمیٹ APK تھا۔ جیسے ہی انہوں نے اسے کھولا، موبائل فون گرم ہونے لگا اور بینک اکاؤنٹ سے بغیر اجازت کے رقوم نکالی جانے لگیں۔

فراڈ کرنے والوں نے مختلف مراحل میں ان کے اکاؤنٹ سے 49,500 روپئے ، 10,000 روپئے اور پھر مزید 10,000 روپئے نکال لیے۔ جیسے ہی رام بابو کو دھوکہ دہی کا احساس ہوا، وہ فوراً اپنے بینک پہنچے، اکاؤنٹ بند کروایا اور پولیس میں شکایت درج کروائی۔

حکام نے دوبارہ عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ واٹس ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی APK فائلز کو ہرگز نہ کھولیں، خصوصاً جب وہ نامعلوم یا غیر مصدقہ ذرائع سے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، اور ان سے محتاط رہنا ضروری ہے۔