جمہوریہ ڈومینیکن میں ایک ہولناک حادثے کے دوران سانتو ڈومنگو کے مشہور نائٹ کلب “جیٹ سیٹ” کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 79 افراد ہلاک اور 160 سے زائد زخمی ہو گئے۔ Dominican nightclub roof collapse کا یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کلب میں ایک لائیو کنسرٹ جاری تھا۔ امدادی ٹیمیں اور پولیس اہلکار تاحال ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حادثہ ایک منزلہ عمارت میں پیش آیا، اور بارہ گھنٹے گزرنے کے باوجود ریسکیو کارروائیاں اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ فائرفائٹرز مسلسل ملبے کے نیچے پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کئی اہم شخصیات بھی اس حادثے کا شکار ہوئیں۔
مونتے کرسٹی صوبے کی گورنر نیلسی کروز نے تصدیق کی کہ معروف بیس بال کھلاڑی نیلسن کروز کی بہن بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ پارلیمنٹ کے رکن بری ورگاس زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق مشہور گلوکار روبی پیریز، جو حادثے کے وقت پرفارم کر رہے تھے، تاحال لاپتہ ہیں۔ ان کے بعض قریبی عزیزوں کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ ہیں، تاہم حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ عینی شاہدین کے مطابق چھت کنسرٹ کے آغاز کے تقریباً ایک گھنٹے بعد گری۔ بینڈ کے ایک سیکسوفون بجانے والے فنکار کی موت کی بھی تصدیق ہو چکی ہے۔
چھت گرنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ کچھ شرکاء نے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا کہ شاید زلزلے کے جھٹکے اس حادثے کا سبب بنے ہوں، مگر اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔ نائٹ کلب انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کلب کا مالک، انتونیو اسپالیات، ملک سے باہر ہے۔