حیدرآباد: فون ٹیپنگ کیس کی جاری تفتیش کے سلسلے میں سابق اسپیشل انٹیلیجنس برانچ (SIB) چیف پربھاکر راؤ Ex-SIB Chief ہفتہ کو تیسری بار اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) کے سامنے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں پیش ہوئے۔
سابق ایس آئی بی چیف کے خلاف تفتیش اُس وقت تیز ہو گئی جب سابق ڈی ایس پی پرینیت راؤ نے ایس آئی ٹی کے روبرو بیان دیا کہ ہارڈ ڈسک کی تباہی پربھاکر راؤ کی ہدایت پر انجام دی گئی تھی۔ اس انکشاف نے سابق ایس آئی بی چیف کو براہ راست شک کے دائرے میں لا کھڑا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ایس آئی ٹی حکام نے پرینیت راؤ کے بیان کی روشنی میں پربھاکر راؤ سے آج کے سیشن میں کئی اہم سوالات کرنے کی تیاری کی ہے۔ جمعہ کو پرینیت راؤ سے سخت پوچھ تاچھ کی گئی تھی، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر حساس ڈیٹا کی تلفی سے متعلق کئی انکشافات کیے۔
تحقیقات کاروں نے ہفتہ کے سیشن کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے پربھاکر راؤ کے ممکنہ کردار پر تفصیلی سوالات تیار کیے ہیں، تاکہ ڈیٹا ڈیلیشن میں ان کی مبینہ شمولیت کی مکمل جانچ کی جا سکے۔ فون ٹیپنگ کیس کی پیچیدگیوں کے پیش نظر ایس آئی ٹی کی کارروائی پر ریاست بھر میں گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔