
حیدرآباد: میرعالم منڈی کے ہری مسجد کے قریب ایک مکان پر چھاپہ مار کر پولیس نے Fake Apple Products کی بڑی مقدار ضبط کر لی، جن کی مالیت تقریباً 3 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا گیا جو شہر بھر میں نقلی ایپل الیکٹرانکس فروخت کر رہے تھے۔
یہ چھاپہ 25 مئی کو کمشنر ٹاسک فورس، سنٹرل زون اور ایپل کمپنی کے کاپی رائٹ نمائندوں کی مشترکہ کارروائی میں کیا گیا۔ ٹیم نے موقع سے 2,761 جعلی اشیاء برآمد کیں جو کہ اصل ایپل مصنوعات جیسی پیکنگ میں تیار کی گئی تھیں تاکہ صارفین کو دھوکہ دیا جا سکے۔
گرفتار شدگان کی شناخت:
محمد شاہد علی (48)، اترپردیش کا رہائشی، میرعالم منڈی میں مقیم، جو اپنے گھر پر جعلی مصنوعات کا ذخیرہ کرتا تھا۔
عرفان علی (49)، اترپردیش سے تعلق، ایل بی نگر کا رہائشی، جو شاہد سے مصنوعات خرید کر آگے فروخت کرتا تھا۔
سنتوش راج پروہت (39)، پی ایم موبائلز، گجراتی گلی کوٹھی کا مالک، جو اپنی دکان کے ذریعے یہ جعلی اشیاء فروخت کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق، یہ جعلی مصنوعات ممبئی کے ایجنٹس سے حاصل کی جاتی تھیں، جنہیں بعد ازاں جعلی ایپل لوگو، ایم آر پی اسٹیکر، اور سیکیورٹی سیلز لگا کر صارفین کو اصل سمجھا کر فروخت کیا جاتا تھا۔ اس غیر قانونی دھندے سے ایپل ان کارپوریشن کو مالی نقصان اور صارفین کو فریب پہنچا۔
ضبط شدہ اشیاء کی فہرست:
1,145 جعلی ایئرپوڈز
28 نقلی ایپل واچز
52 یو ایس بی کیبلز
14 یو ایس بی اڈاپٹرز
4 میگا سیف پاور بینکس
260 واچ باکس کورز
480 SKU اسٹیکرز
428 ایم آر پی اسٹیکرز
350 سیکیورٹی سیلز
ڈی سی پی ٹاسک فورس کے مطابق یہ منظم ریاکٹ حیدرآباد کے ریٹیل مارکیٹ میں جعلی ٹیک مصنوعات پھیلانے میں سرگرم تھا۔ گرفتار شدگان کو مزید تفتیش کے لیے میرچوک پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔