حیدرآباد:سائبر جعلسازوں نے ایک نئی چالاکی کے تحت حیدرآباد واٹر بورڈ کے صارفین کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے، جہاں جعلی پیغامات کے ذریعے انہیں خدمات کی منسوخی کی دھمکی دی جا رہی ہے۔
حالیہ دنوں میں متعدد صارفین کو ایسے دھمکی آمیز ایس ایم ایس موصول ہوئے جن میں کہا گیا کہ اگر فوری طور پر بل ادا نہ کیا گیا تو پانی کا کنکشن منقطع کر دیا جائے گا۔ ان پیغامات میں ایک لنک بھی شامل ہوتا ہے جس کے ذریعے ایک APK فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کو کہا جاتا ہے۔ یہ ایک ضرر رساں سافٹ ویئر ہوتا ہے جو انسٹال ہونے کے بعد صارف کی ذاتی معلومات چُرا سکتا ہے۔
یہ Fake Bill Scam اس وقت منظر عام پر آیا جب حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ HMWSSB کو صارفین کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں۔ بورڈ نے فوری طور پر وضاحت جاری کی کہ ان پیغامات کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں اور عوام کو مشورہ دیا کہ کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں۔
واٹر بورڈ کے عہدیداروں نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیغامات ہماری جانب سے نہیں بھیجے گئے۔ ہم صارفین سے اپیل کرتے ہیں کہ اس قسم کی فراڈ پر مبنی اطلاعات پر یقین نہ کریں اور کسی بھی مشتبہ پیغام کے بارے میں فوراً متعلقہ دفتر سے رابطہ کریں۔
It has come to the attention of the Hyderabad Metropolitan Water Supply and Sewerage Board (HMWSSB) that certain unsolicited WhatsApp messages are being circulated from an unidentified mobile. The HMWSSB hereby clarifies that no such messages are being sent by the Board via… pic.twitter.com/T26ByCQjBu
— HMWSSB (@HMWSSBOnline) May 30, 2025
حکام نے مزید مشورہ دیا ہے کہ اگر کسی صارف کو مشکوک نوعیت کا پیغام موصول ہو تو براہ راست واٹر بورڈ سے رابطہ کریں۔ ایک عہدیدار نے زور دے کر کہا کہ شک کی صورت میں بلا جھجک ہم سے رابطہ کریں کیونکہ سائبر جرائم میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
سائبر دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر واٹر بورڈ نے اپنی ذمہ داری دہراتے ہوئے عوامی تحفظ کو اولین ترجی قرار دیا ہے اور صارفین سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کی اطلاع پر عمل کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کرلیں۔