
حیدرآباد: سوریاپیٹ ضلع کے ملاچرو منڈل کے راماپورم گاؤں میں Fake Liquorتیار کرنے والے بڑے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جہاں محکمہ آبکاری اور ٹاسک فورس اہلکاروں نے ایک جھونپڑی پر چھاپہ مار کر 840 لیٹر نقلی شراب ضبط کی جس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ روپئے بتائی جا رہی ہے۔
مقامی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے حکام کو ایک عارضی بوتلنگ یونٹ ملا، جہاں اسپرٹ، پانی اور دیگر کیمیکل ملا کر جعلی وِسکی تیار کی جا رہی تھی۔ یہ نقلی شراب خالی برانڈیڈ بوتلوں میں بھر کر جعلی لیبل چسپاں کیے جا رہے تھے، تاکہ فروخت کے لیے اصل جیسا تاثر دیا جا سکے۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ اس غیر قانونی کاروبار کا سرغنہ راماپورم کا رہنے والا ٹوٹا شیوا شنکر ہے، جو سابق میں مقامی وائن شاپ میں سیلز کلرک کے طور پر کام کر چکا ہے۔ اس نے سوریا پرکاش (اسی گاؤں کا باشندہ) اور سری رام مہیش (ضلع پلندو، آندھرا پردیش کے درگی گاؤں سے) کے ساتھ مل کر یہ نیٹ ورک قائم کیا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان نے حیدرآباد کی ایک دوا ساز کمپنی سے اسپرٹ حاصل کیا تھا۔ ہر بوتل میں 25 فیصد اسپرٹ اور 75 فیصد پانی و دیگر اجزاء ملا کر وِسکی تیار کی جا رہی تھی تاکہ اسے اصلی شراب کی طرح پیش کیا جا سکے۔ یہ شراب آندھرا پردیش میں فروخت کے لیے تیار کی جا رہی تھی۔
حکام کا ماننا ہے کہ مقامی بلدیاتی انتخابات سے قبل اس جعلی شراب کی تیاری میں شدت آئی تھی۔ کارروائی کے دوران سوریا پرکاش اور مہیش کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ماسٹر مائنڈ ٹوٹا شیوا شنکر تاحال فرار ہے۔ پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔