حیدرآباد: کریم نگر ضلع کے شنکرپٹنم منڈل سنٹر کے قریب جمعہ کی شام ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ یہ حادثہ دو موٹر سائیکلوں کے آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ مقامی رپورٹس کے مطابق، مہلوکین کی شناخت مکتا گاؤں کے رہائشی عظیم (35) اور ان کے بیٹے رحمن (11) کے طور پر ہوئی ہے۔ تصادم کی شدت کے باعث دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثہ میں کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی باشندوں کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ حکام نے کیس درج کر کے حادثہ کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔