
حیدرآباد: شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو دو بین الاقوامی Flight Disruptionہوئیں، جن میں ایک پرندے سے ٹکرا گئی جبکہ دوسری کو دوران پرواز تکنیکی خرابی کے باعث واپس آنا پڑا۔
ابوظہبی سے آنے والی اتحاد ایئر ویز کی پرواز EY-353 اتوار کی صبح لینڈنگ کے دوران پرندے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں طیارے کے ناک کے حصے کو نقصان پہنچا۔ پائلٹ نے ہوشیاری سے طیارے کو بحفاظت اتار لیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
یہی طیارہ صبح 4:20 بجے ابوظہبی واپسی کے لیے شیڈیول تھا، لیکن نقصان کے پیشِ نظر ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) نے پرواز منسوخ کر دی۔
یہ واقعہ ایک ہفتے کے دوران شمس آباد ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پرواز کے ساتھ پرندے سے ٹکراؤ کا دوسرا واقعہ ہے۔
انڈیگو کی پرواز نے انجن خرابی کے سبب واپسی کی
ایک علیحدہ واقعے میں، انڈیگو کی پرواز 6E-1117 جو 90 مسافروں کے ساتھ ڈھاکہ جا رہی تھی، صبح 9:40 بجے روانہ ہوئی لیکن صرف 10 منٹ بعد انجن میں خرابی کے باعث واپس لوٹ آئی۔
پائلٹ نے فضا میں ہی تکنیکی خرابی کا پتہ لگایا اور فوری طور پر شمس آباد ATC کو مطلع کیا۔ طیارہ بخیریت لینڈ کر گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بعد میں تمام مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے ڈھاکہ روانہ کیا گیا۔