
حیدرآباد: پولیس نے اکبر باغ کے ایک گودام سے ممنوعہ [en]Foreign Cigarettes[/en] مالیت 10.7 لاکھ روپئے ضبط کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ساؤتھ ایسٹ زون ٹاسک فورس اور چادر گھاٹ پولیس کے مشترکہ آپریشن کے تحت عمل میں آئی۔
پولیس کے مطابق محمد فیصل، عمر 31 سال، جو ٹروپ بازار، نامپلی کا رہائشی ہے، سعیدآباد کے فراح کالونی میں واقع اپنے مکان سے غیر قانونی سگریٹ کاروبار چلا رہا تھا۔ اس نے اکبر باغ میں ایک گودام قائم کیا تھا جہاں دہلی کے سپلائر راہول سے منگوائی گئی برانڈڈ غیر ملکی سگریٹ ذخیرہ کی جا رہی تھی۔
یہ سگریٹ شہر بھر کی پان شاپس اور کرانہ دکانوں کو مہنگے داموں فروخت کی جا رہی تھیں۔ مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گودام پر چھاپہ مارا، محمد فیصل کو حراست میں لیا اور تمام ممنوعہ سامان ضبط کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ سگریٹ وہ برانڈز ہیں جن پر ہندوستانی قانون کے تحت پابندی عائد ہے۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے تاکہ اس غیر قانونی کاروبار میں شامل دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔