
حیدرآباد: رنگا ریڈی ضلع کے بتاسی نگرم علاقے میں پولیس نے بڑی مقدار میں Ganja Seized کرتے ہوئے بین الریاستی اسمگلنگ ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کھمم ایگل پولیس اور رچہ کونڈہ پولیس نے مشترکہ آپریشن میں ایک ڈی سی ایم گاڑی کو روک کر 935 کلو گانجہ ضبط کر لیا۔
پولیس کے مطابق، ڈی سی ایم ٹرک میں پھلوں کے 35 کریٹ رکھے گئے تھے جن میں مہارت سے 455 گانجہ پیکٹس چھپائے گئے تھے۔ ضبط شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 5 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔
یہ کنسائنمنٹ اوڈیشہ سے مہاراشٹرا لے جایا جا رہا تھا۔ ڈی سی ایم گاڑی کے ساتھ ایک انووا گاڑی بھی چل رہی تھی، جو کہ اسکواٹ کے طور پر استعمال ہو رہی تھی۔ دونوں گاڑیاں پولیس کی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
پولیس نے مہاراشٹرا کے پوار کمار کو مرکزی ملزم کے طور پر گرفتار کیا ہے۔ تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک کی کمان وکی سیٹھ نامی شخص کے ہاتھ میں تھی، جس نے اوڈیشہ سے ترسیل کا انتظام کیا تھا۔
اب تک تین افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دو دیگر ملزمان تاحال فرار ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔