حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے وزیر سیتکا کی ہدایت پر دیہی غربت کے خاتمے کے ادارہ ایس ای آر پی میں General Transfers کی اجازت دے دی ہے۔ پیر کے روز جاری کردہ سرکاری حکمنامے کے مطابق ایس ای آر پی کے تمام ملازمین کو تبادلے کی سہولت دی جائے گی۔
اس فیصلے سے ایس ای آر پی کے 3974 ملازمین کو فائدہ پہنچے گا، جن میں سے کئی ایک ہی جگہ پر گزشتہ دس برسوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملازمین کے تبادلوں کی مسلسل درخواستوں اور خدمات میں سستی کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری حکمنامہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ملازمین کو میرٹ اور سینیارٹی کی بنیاد پر ان کے تبادلوں کی اجازت دی جائے گی، تاکہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ حکام نے کہا کہ ایس ای آر پی کے تمام زونل، ضلعی اور منڈل سطح کے دفاتر میں اس فیصلے پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔
وزیر سیتکا نے کہا ہے کہ ملازمین کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور یہ تبادلے اس سمت میں ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تبادلوں کے عمل میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔