
حیدرآباد: تلنگانہ کے روایتی ماہِ آشاڑھ کے تحت منعقد ہونے والا مشہور تہوار [en]Golconda Bonalu[/en] جمعرات کو گولکنڈہ قلعہ میں سرکاری پوجا کے ساتھ شروع ہوا۔ یہ پوجا لنگر ہاؤس میں واقع جگدمبا مہانکالی مندر میں حکومت کی جانب سے انجام دی گئی۔
تقریب کا آغاز اسمبلی اسپیکر گددم پرساد کمار، وزراء پونم پربھاکر اور کونڈا سُریکھا کی جانب سے دیوی کو ریشمی لباس اور پہلا بونم پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔ بونالو کا یہ سلسلہ ایک ماہ تک جاری رہے گا، جس کا اختتام گولکنڈہ قلعہ میں آخری بونم کے ساتھ ہو گا۔ اس دوران ہر جمعرات اور اتوار کو خصوصی پوجائیں انجام دی جائیں گی۔
وزیر کونڈا سُریکھا نے اس موقع پر کہا کہ بونالو تہوار تلنگانہ کی ثقافتی شناخت کی نمائندگی کرتا ہے اور دیوی جگدمبا کے آشیرواد سے ریاست اور عوام کی فلاح و بہبود کی خواہش کی۔
وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ بونالو کو اب بین الاقوامی سطح پر بھی پہچان مل رہی ہے اور حکومت نے ریاست بھر کے 3,000 مندروں میں تقاریب کے لیے 20 کروڑ روپئے منظور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بونالو بڑے پیمانے پر منایا جائے گا۔
اس موقع پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی میئر گدوالا وجیا لکشمی، راجیہ سبھا ایم پی انیل کمار یادو، بی سی کمیشن کے صدر نرنجن، پرنسپل سکریٹری (مذہبی امور) شیلجا رمئیر، حیدرآباد کلکٹر داسری ہری چندنا، پولیس کمشنر سی وی آنند، کانگریس لیڈر وی ہنمنت راؤ اور فشریز کارپوریشن کے صدر میتو سی کمار نے بھی شرکت کی۔
بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا نے بھی مندر میں حاضری دی اور دیوی جگدمبیکا کو بونم پیش کیا۔