حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن (ٹی جی پی ایس سی) نے Group-3 certificate verification کے عمل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 18 جون سے 6 جولائی کے درمیان طے کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ امیدواروں کی درخواستوں کے بعد کیا گیا ہے، جنہوں نے پہلے گروپ-2 کی تقرری مکمل کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ ممکنہ اوورلیپ اور بیک لاگ سے بچا جا سکے۔
ٹی جی پی ایس سی کے سکریٹری ڈاکٹر ای نوین نکولس نے منگل کے روز اس سلسلے میں باقاعدہ احکامات جاری کیے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی امیدواروں نے دونوں امتحانات (گروپ-2 اور گروپ-3) میں شرکت کی ہے، اور ان کے لیے بیک وقت دونوں مراحل میں شرکت ممکن نہیں ہوگی۔ اگر دونوں کی اسناد کی جانچ ایک ساتھ کی جائے، تو امیدواروں کو دونوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا، جس کے نتیجے میں باقی عہدے خالی رہ جائیں گے اور یہ پوسٹس بیک لاگ میں چلی جائیں گی۔
کمیشن نے گزشتہ تجربات، خصوصاً رہائشی اسکولوں میں اساتذہ کی تقرری کے دوران پیش آئے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت تمام نتائج ایک ساتھ جاری کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں تقریباً 1,800 عہدے بیک لاگ کی نذر ہو گئے تھے کیونکہ کئی امیدواروں نے صرف ایک عہدہ قبول کیا اور باقی کو چھوڑ دیا۔
ٹی جی پی ایس سی کا کہنا ہے کہ گروپ-3 کی جانچ مؤخر کرنے سے اسی طرح کی صورتحال کو دوبارہ پیدا ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل گروپ-3 کی اسناد کی جانچ 18 جون سے 8 جولائی تک مقرر کی گئی تھی، جبکہ 9 جولائی کو ریزرو دن رکھا گیا تھا۔ کمیشن نے یقین دلایا ہے کہ جیسے ہی گروپ-2 کی تقرری کا عمل مکمل ہوگا، گروپ-3 کے لیے نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ کمیشن نے پہلے گروپ-3 کے لیے 1,388 عہدوں کی اطلاع دی تھی اور 15 مارچ کو تحریری امتحان کے نتائج جاری کیے گئے تھے۔ اسناد کی جانچ کے لیے امیدواروں کی تفصیلات کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر پہلے ہی دستیاب کر دی گئی تھیں۔