
حیدرآباد: راجندر نگر پولیس حدود میں ایک ہی موٹر سائیکل پر آٹھ نوجوانوں کے خطرناک اسٹنٹ [en]Hyderabad Bike Stunt[/en]کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تمام نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ آٹھوں نوجوان ایک ہی بائیک پر بیٹھ کر ٹریفک کے درمیان اسٹنٹ کرتے ہوئے جا رہے تھے۔ کچھ نوجوان ہینڈل بار، فیول ٹینک، نشست اور پیچھے کی جگہ پر بیٹھے تھے، جو ٹریفک قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پولیس نے گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے نوجوانوں کی شناخت کی اور ان سب کو حراست میں لے لیا۔ ان پر لاپرواہی سے گاڑی چلانے اور ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ نوجوانوں کو مشورہ دینے، جرمانے اور گرفتاریوں کے باوجود شہر میں اس قسم کے خطرناک اسٹنٹس کا رجحان ختم نہیں ہو رہا۔ انہوں نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کو ایسے خطرناک حرکتوں سے روکیں تاکہ ان کی اور دوسروں کی جان محفوظ رہ سکے۔