Read in English  
       
Hyderabad Cricket Association
Spread the love

حیدرآباد: حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن [en]Hyderabad Cricket Association[/en] میں مالی بے ضابطگی، جعلسازی، اور اعتماد شکنی کے الزامات کے تحت تیلنگانہ سی آئی ڈی نے صدر اے جگن موہن راؤ سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ہونے والوں میں جگن موہن راؤ، ایچ سی اے کے خازن جے ایس سرینواس راؤ، سی ای او سنیل کانتے، سری چکرا کرکٹ کلب کے جنرل سکریٹری راجندر یادو، اور کلب کی صدر جی کویتا شامل ہیں۔

یہ کارروائی تلنگانہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری دھرم گرووا ریڈی کی شکایت پر کی گئی، جنہوں نے الزام لگایا کہ جگن موہن راؤ اور ان کے ساتھیوں نے ایچ سی اے پر غیر قانونی قبضہ کرنے کے لیے فنڈز کا غلط استعمال اور دھوکہ دہی کی ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی پی چرو سنہا کے مطابق، ملزمان نے سری چکرا کرکٹ کلب (اصل میں گولی پورہ کرکٹ کلب) کے کاغذات میں جعلسازی کی، اور اس کے صدر سی کرشنا یادو کے دستخط جعلی انداز میں تیار کیے۔ ان جعلی دستاویزات کی بنیاد پر کلب کو قانونی حیثیت دی گئی، جس کے ذریعے جگن موہن راؤ نے ایچ سی اے کی صدارت حاصل کی۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ جگن موہن راؤ، سرینواس راؤ، اور سنیل کانتے نے سن رائزرز حیدرآباد ٹیم کے عہدیداروں کو آئی پی ایل کے مفت ٹکٹ اور کارپوریٹ بکس کی فراہمی سے روکنے کی کوشش کی اور ان پر دباؤ ڈالا۔

اس معاملے میں تعزیراتِ ہند کی دفعات 465، 468، 471، 403، 409، 420 مع 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں جعلسازی، دھوکہ دہی، اعتماد شکنی اور مجرمانہ نیت شامل ہیں۔

سی آئی ڈی کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر مشتبہ افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *