حیدرآباد: Hyderabad Metro Rail لمیٹڈ نے حکومت سے ایک مرتبہ پھر میٹرو ٹرین کے کرایوں میں اضافہ کی اجازت طلب کی ہے۔ یہ درخواست ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کمپنی مسلسل مالی نقصان میں چل رہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران کمپنی نے کرایوں میں اضافہ کی اجازت کے لئے حکومت سے نمائندگی کی تھی، تاہم اس وقت حکومت نے منظوری نہیں دی تھی۔ اب تازہ صورتحال میں کمپنی نے دوبارہ درخواست روانہ کی ہے، جس پر اگر حکومت مثبت ردعمل ظاہر کرتی ہے تو جاریہ ماہ کے دوسرے ہفتے سے کرایوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق Hyderabad Metro Rail کرایوں میں اضافہ کے ذریعہ سالانہ 150 کروڑ روپۓ کی اضافی آمدنی حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ مالی نقصان کی پابجائی ممکن ہو۔ فی الوقت میٹرو ٹرین کا کم از کم کرایہ 10 روپۓ اور زیادہ سے زیادہ کرایہ 60 روپۓ ہے۔
کمپنی کی نئی تجویز کے مطابق کم از کم کرایہ کو 15 روپۓ اور زیادہ سے زیادہ کرایہ کو 75 روپۓ تک بڑھایا جائے گا۔
نقصان کی پابجائی کے اقدامات کے طور پر، کمپنی نے حال ہی میں متعارف کردہ 59 روپۓ کا ہالی ڈے سیور کارڈ منسوخ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ مصروف اوقات میں فراہم کی جانے والی 10 فیصد ڈسکاونٹ کی سہولت بھی ختم کردی گئی ہے۔
مسافرین میں اس ممکنہ کرایہ اضافے پر تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ کمپنی اس اقدام کو اپنے مالی استحکام کے لئے ناگزیر قرار دے رہی ہے۔ حکومت کی منظوری کی صورت میں، حیدرآباد کے شہریوں کو جلد ہی میٹرو سفر کے لئے زائد کرایہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید پیش رفت اور حکومت کے ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔