حیدرآباد: ہائی کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ ایم آر ایل) نے شہر کے تمام میٹرو اسٹیشنز سے Betting App Ads کو ہٹا دیا ہے۔ یہ کاروائی ان اشتہارات کے خلاف دائر ایک درخواست کے بعد کی گئی جن میں غیر قانونی آف شور بیٹنگ پلیٹ فارمز جیسے 1xBET، فیئر پلے اور My Jackpot 777 کی تشہیر کی جا رہی تھی۔
ہائی کورٹ نے فوری طور پر ان اشتہارات کو ہٹانے کا حکم دیا، جس پر ایڈووکیٹ جنرل سدھرشن ریڈی نے عدالت کو مطلع کیا کہ تمام بیٹنگ ایپ اشتہارات ہٹا دیے گئے ہیں۔ ایچ ایم آر ایل نے ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد، جو کہ معاہدہ کی شق 17.5 کے تحت اشتہاری حقوق رکھتی ہے، کو فوری ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام غیر قانونی اشتہارات ہٹا دیں۔
عدالت نے یہ نوٹس اس وقت لیا جب انکشاف ہوا کہ کئی میٹرو اسٹیشنز پر ایسے بیٹنگ پلیٹ فارمز کی تشہیر ہو رہی ہے جو قانونی طور پر ممنوع ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد ایچ ایم آر ایل نے فوری کاروائی کی۔
ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ اگرچہ اشتہاری اختیارات ایل اینڈ ٹی کو معاہدہ کے تحت دیے گئے ہیں، لیکن جیسے ہی غیر قانونی بیٹنگ کے اشتہارات کی شکایت موصول ہوئی، ایچ ایم آر ایل نے فوری مداخلت کی اور تمام اشتہارات ہٹانے کا حکم دیا۔
یہ قدم نہ صرف عدالتی فیصلے کی پیروی میں اٹھایا گیا بلکہ اس سے ملک میں غیر قانونی ڈیجیٹل جوئے کی تشہیر کے خلاف جاری قانونی نگرانی اور عوامی پلیٹ فارمز پر ضابطہ بندی کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے.