حیدرآباد: گرمائی تعطیلات اور گذشتہ چند دنوں سے موسم میں خوشگواری کے باعث Hyderabad Zoo میں عوام کا زبردست ہجوم دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر اتوار کے دن زو پارک عوامی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ذرائع کے مطابق، عام دنوں میں زو پارک میں یومیہ 5 سے 8 ہزار افراد کی آمد ہوتی ہے، تاہم آج اتوار کے دن گرمائی تعطیلات کے سبب تقریباً 24 ہزار سے زائد افراد نے زو پارک کا رخ کیا۔ ان میں بچوں کے ساتھ والدین، بزرگ اور نوجوان شامل تھے، جو پورے جوش و خروش سے مختلف جانوروں اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔
زو انتظامیہ کے مطابق، نہ صرف مقامی شہری بلکہ ریاست کے دیگر اضلاع سے بھی بڑی تعداد میں لوگ یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حالیہ دنوں میں زو پارک میں پری ویڈنگ شوٹس، برتھ ڈے فوٹو شوٹس اور تفریحی تقریبات کے لیے بھی کافی رجحان دیکھا گیا ہے، جس سے پارک کی رونق میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
دلچسپی کی بات یہ ہے کہ زو پارک میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو حیدرآباد کے ثقافتی و قدرتی مقامات کے ساتھ ساتھ یہاں کی جنگلی حیات میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔
زو انتظامیہ کی جانب سے عوامی سہولت کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دقت نہ ہو اور وہ خوشگوار انداز میں اپنی تعطیلات گزار سکیں۔