Read in English  
       
HYDRAA Anniversary
Spread the love

حیدرآباد: HYDRAA Anniversary کی تکمیل کے موقع پر حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسیٹس پروٹیکشن اتھارٹی (HYDRAA) کے کمشنر اے وی رنگناتھ نے جمعہ کو عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اراضی اور آبی ذخائر کو تجاوزات سے بچائیں اور ان کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کریں۔

یہ تقریب عنبرپیٹ کے بتکماں کنٹہ پر منعقد ہوئی، جہاں رنگناتھ نے جی ایچ ایم سی کلکٹر ہری چندنا اور کانگریس لیڈر وی ہنمنت راؤ کے ہمراہ طلباء اور مقامی باشندوں کے ساتھ انسانی زنجیر بنائی۔ اس موقع پر شرکاء نے حیدرآباد کی جھیلوں، ٹینکوں اور نالوں کو محفوظ رکھنے کا حلف لیا۔

رنگناتھ نے اعلان کیا کہ ستمبر میں ہونے والے بتکماں تہوار کا افتتاح وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائیڈرا اس وقت چھ جھیلوں کی بحالی پر کام کر رہا ہے، اور جھیلوں کی بحالی کی کوششوں میں دوگنا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اتھارٹی اب تک 500 ایکڑ سے زائد محفوظ سرکاری اراضی کی نگرانی کر رہی ہے، جس کی مالیت 30,000 کروڑ روپئے سے زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارش کا پانی سڑکوں سے دوبارہ جھیلوں کی طرف موڑا جائے گا اور سپریم کورٹ کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ رنگناتھ نے غیر مجاز تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔

او یسی کالج کے سلسلے میں اٹھنے والے اعتراضات پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ادارہ ہائیڈرا کی تشکیل سے قبل تعمیر ہوا تھا، اس لیے اسے استثنا حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 540 جھیلوں کے لیے صرف پرائمری نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں، جبکہ صرف 140 جھیلوں کے لیے حتمی نوٹیفکیشن دستیاب ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ تمام جھیلوں پر یکساں اصولوں کا اطلاق ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ

“جھیلوں کا تحفظ فلاحی کام نہیں بلکہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہائیڈرا مکمل قانونی اختیار کے ساتھ کام کر رہا ہے۔”

رنگناتھ نے مزید کہا کہ بااثر افراد غریبوں کو ڈھال بنا کر تجاوزات کا جواز نہیں بنا سکتے۔ HYDRAA حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق کام کرتے ہوئے تمام غیر قانونی قبضوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔