
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت آئندہ ہفتے ریاست بھر کے صحافیوں کو نئے Journalist Accreditationsکارڈس جاری کرے گی، وزیر برائے ریونیو، اطلاعات اور ہاؤزنگ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے جمعرات کو یہ اعلان کیا۔
یہ اعلان ضلع کھمم کے وایرا ٹاؤن میں منعقدہ ٹی یو ڈبلیو جے (IJU) کی چوتھی ضلعی کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ پونگولیٹی نے کہا کہ کانگریس حکومت صحافیوں سے متعلق تین اہم مسائل — ایکریڈیشن، ہیلتھ کارڈس، اور ہاؤزنگ سائٹس — کے حل کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یونین قائدین کے ساتھ حتمی مشاورت آئندہ چند دنوں میں کی جائے گی جس کے بعد Journalist Accreditations یعنی ایکریڈیشن کارڈس جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کارڈس کی تقسیم ایکریڈیشن کے بعد فوراً عمل میں لائی جائے گی۔
جہاں تک ہاؤزنگ سائٹس کا تعلق ہے، وزیر نے بتایا کہ یہ معاملہ اس وقت سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ تاہم، حکومت قانونی ماہرین سے مشورہ لے کر اس اسکیم کو بغیر کسی قانونی رکاوٹ کے آگے بڑھانے کیلئے اقدامات کرے گی۔
پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ میڈیا کی فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے اور کانگریس حکومت صحافی برادری کی ہر ممکن مدد کرے گی۔