حیدرآباد: کے بی آر پارک KBR Park Parking پر تعمیر کی گئی جدید اسمارٹ ملٹی لیول پارکنگ سہولت کا اتوار سے 10 روزہ آزمائشی آغاز ہو گیا، جس کے بعد جلد ہی اس کا باقاعدہ افتتاح متوقع ہے۔
پارک کے اطراف صبح و شام سیر کے لیے آنے والے افراد کی گاڑیوں کی سڑک کنارے پارکنگ سے ٹریفک میں مسلسل رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی۔ اس مسئلے کے حل کے لیے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) نے ملٹی لیول پارکنگ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔
پارکنگ منصوبہ لاگت کے اعتبار سے مہنگا ہونے کے سبب عوامی و نجی شراکت داری (PPP) ماڈل کے تحت نافذ کیا گیا۔ نیو نرمان کمپنی نے ٹنڈرس کے ذریعے یہ پراجیکٹ حاصل کیا، جس کے تحت اسے تعمیر اور 10 سالہ دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی گئی۔ آپریٹر کی جانب سے معمولی پارکنگ فیس وصول کی جائے گی، تاہم حتمی قیمتوں کا اعلان ابھی باقی ہے۔
یہ پارکنگ سہولت پارک کے داخلی دروازے کے قریب 400 مربع گز اراضی پر تعمیر کی گئی ہے اور اس میں جدید کورین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہاں بیک وقت 72 گاڑیاں پارک کی جا سکتی ہیں۔ خودکار سینسرز اور لفٹس کے ذریعے گاڑیوں کو مختلف منزلوں پر تیز رفتاری سے منتقل کیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق اس سہولت سے پارک کے اطراف کی ٹریفک کا دباؤ کم ہو گا اور سیر کے لیے آنے والے افراد کو بھی مناسب اور محفوظ پارکنگ دستیاب ہو گی۔