حیدرآباد: کھمم سائبر کرائم پولیس نے ایک مقامی سافٹ ویئر انجینئر سے دھوکہ دہی کرتے ہوئے 1.62 کروڑ روپۓ ہتھیانے والے Online investment scam میں ملوث تین افراد کو آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ سے گرفتار کر لیا۔
پولیس کمشنر سنیل دت نے بتایا کہ بوناکل منڈل، ضلع کھمم کے رہائشی متاثرہ شخص کو ملزمان نے واٹس ایپ اور دیگر تجارتی روابط کے ذریعے منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع کا جھانسہ دے کر راغب کیا۔ متاثرہ فرد نے اس اسکیم کو حقیقی سمجھتے ہوئے مختلف مراحل میں بڑی رقم منتقل کی، جس کا مجموعی نقصان 1.62 کروڑ روپۓ رہا۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے رقم کے ایک حصے کو ایک مخصوص بینک اکاؤنٹ سے ٹریس کیا، جس کی بنیاد پر 38 سالہ شیخ سبحانی کو گرفتار کیا گیا۔ مزید تفتیش پر انکشاف ہوا کہ اس نے یہ فراڈ 37 سالہ داسری سنیل کمار اور 30 سالہ سائی کرشنا کے ساتھ مل کر انجام دیا تھا۔
تینوں ملزمان کو آندھرا پردیش کے این ٹی آر ضلع کے وجئے واڑہ سے گرفتار کیا گیا اور کھمم سائبر کرائم کورٹ میں پیش کرنے کے بعد عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن سرمایہ کاری یا تجارتی پلیٹ فارمز سے متعلق کسی بھی پیشکش کو قبول کرنے سے قبل انتہائی محتاط رہیں، خاص طور پر وہ اسکیمیں جو غیر معمولی منافع کا وعدہ کرتی ہیں۔