کے ٹی آر نے حیدرآباد آفس اسپیس لیزنگ میں 41 فیصد کمی پر ظاہر کی تشویش

KTR Hyderabad office space leasing decline

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میں دفتر کرایہ داری میں شدید کمی پر کانگریس زیر قیادت حکومت پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے ریئل اسٹیٹ مشاورتی ادارے کولیئرز انڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں حیدرآباد میں آفس اسپیس لیزنگ میں 41 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

کے ٹی آر نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ کے مطابق بنگلورو، چنئی، دہلی-این سی آر، ممبئی اور پونے جیسے بڑے شہروں میں اسی مدت کے دوران دفتر کرایہ داری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جب کہ حیدرآباد اور کولکاتا میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ریاستی حکومت سے فوری کاروائی کا مطالبہ

انہوں نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ نئی آئی ٹی پارکس کے منصوبوں سے قبل اس مسئلہ پر غور کریں اور فوری اصلاحی اقدامات اٹھائیں تاکہ حیدرآباد دوبارہ آفس اسپیس لیزنگ کے شعبے میں سرفہرست شہروں میں شامل ہو سکے۔

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ یہ کمی کسی قومی رجحان کا حصہ نہیں ہے بلکہ حیدرآباد میں مخصوص وجوہات کی بنا پر ہو رہی ہے، جس پر حکومت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔

 

Exit mobile version