
حیدرآباد: شہر میں جاری شدید بارشوں کے درمیان عوامی صحت سے جڑے بڑھتے خدشات کے پیش نظر ڈپٹی میئر موتے سری لتھا شبھن ریڈی نے جمعرات کو لالہ پیٹ کے اربن پرائمری ہیلتھ سنٹر Lalapet Urban PHCکا معائنہ کیا۔
تلنگانہ ٹی ای ٹی یو اسٹیٹ صدر و ڈپٹی میئر موتے شبھن ریڈی نے اسپتال کے انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا اور میڈیکل اسٹاف سے ملاقات کی۔ انہوں نے موسمی بخار، ڈینگی، ٹائیفائڈ اور دیگر وائرل بیماریوں کے خلاف احتیاطی اقدامات پر عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی۔
اس موقع پر مریضوں کی شکایات بھی سنی گئیں اور ضرورت مند افراد کے لیے فوری علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ڈپٹی میئر نے کہا کہ عوامی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت شہری و دیہی علاقوں میں سرکاری اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، اور نئی منی سوپر اسپیشلٹی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘مکھیا منتری آروگیہ سری’ اسکیم کی توسیع جاری ہے، ریاستی اسپتالوں میں ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈس کا انضمام اور موبائل ڈائگناسٹک خدمات کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔
لالہ پیٹ اربن پی ایچ سی کو ماں اور بچے کی نگہداشت، حفاظتی ٹیکہ اندازی، اور خواتین کی صحت سے متعلق خدمات کی فراہمی کے لیے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مرکز تارناکہ، لالہ گوڑہ اور اطراف کے علاقوں کے مکینوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ اسٹاف کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوامی خدمت اور صحت عامہ کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔