حیدرآباد: MMTS ٹرین میں جنسی ہراسانی کی سنسنی خیز شکایت جھوٹی ثابت ہوئی ہے۔ حیدرآباد پولیس نے تحقیقات کے بعد انکشاف کیا ہے کہ ایک خاتون نے خود پر جنسی حملے کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا، جس کی کوئی حقیقت نہیں نکلی۔
ابتدائی شکایت میں خاتون نے الزام لگایا تھا کہ وہ ایم ایم ٹی ایس ٹرین میں سفر کے دوران جنسی ہراسانی کا شکار ہوئی۔ اس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے واقعے کی تفتیش شروع کی۔
تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر ثبوتوں کی بنیاد پر پولیس کو شبہ ہوا کہ واقعے کی نوعیت مشتبہ ہے۔ گہرائی سے تفتیش کے بعد خاتون نے خود اعتراف کیا کہ اس نے یہ پوری کہانی گھڑ لی تھی اور کوئی ہراسانی نہیں ہوئی تھی۔
پولیس حکام نے اس جھوٹے کیس پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی جھوٹی شکایات نہ صرف عدالتی وقت اور سرکاری وسائل کا ضیاع ہیں، بلکہ وہ حقیقی متاثرین کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔
MMTS ٹرینوں میں خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ریلوے اور پولیس پہلے ہی مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد سیکیورٹی اقدامات پر مزید نظرثانی کی جا رہی ہے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو اور حقیقی معاملات کو سنجیدگی سے
لیا جا سکے۔
مذکورہ خاتون دراصل انسٹا گرام ریل بناتے ہوئے ٹرین سے پھسل کر گر پڑی تھی اور زخمی ہو گئی تھی۔
اپنی غلطی کی پردہ پوشی کرنے اور کسی طرح کی سرزنش سے بچنے کے لیے اس خاتون نے جنسی حملہ کا جھوٹ گھڑا تھا۔