
حیدرآباد: کریم نگر پولیس نے ٹریفک اور شور کی آلودگی کے خلاف مہم کے تحت ضبط شدہ [en]Modified Silencers[/en] کی 243 تعداد کو سرعام روڈ رولر سے کچل کر تلف کردیا۔
پولیس کمشنر غوث عالم نے ٹریفک پولیس اسٹیشن کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے ایسی گاڑیوں کی شناخت پر زور دیا جو غیر قانونی طور پر تیز آواز والے سائلنسر نصب کرکے عوامی سکون میں خلل ڈال رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے نوجوان بڑی تعداد میں اپنی گاڑیوں میں ترمیم شدہ سائلنسر لگا رہے ہیں جس سے رات اور دن کے اوقات میں بے جا شور پیدا ہورہا ہے۔
ٹریفک پولیس نے مختلف مقامات پر خصوصی چیکنگ کے دوران 243 ایسی گاڑیوں کو پکڑا جن میں ترمیم شدہ سائلنسر پائے گئے۔ ان گاڑیوں سے سائلنسر نکال کر انہیں کمشنریٹ احاطہ میں روڈ رولر کے ذریعے تلف کردیا گیا۔
کمشنر نے مزید کہا کہ جمعہ سے شہر بھر میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے کے لیے اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے۔ ان کیمروں کے ذریعے سگنل توڑنے، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، موبائل فون کے استعمال، غلط سمت ڈرائیونگ، اور تین افراد کے سواری جیسے خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کیا جائے گا اور ڈیجیٹل چالان جاری ہوں گے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے والوں کی گاڑیاں ضبط کی جائیں اور انہیں عدالت میں پیش کرکے قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی، شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق بیداری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
اس موقع پر ٹریفک اے سی پی بی یادگیری سوامی، سی آئیز کریم اللہ خان اور رمیش بھی موجود تھے۔