
حیدرآباد: مہدی پٹنم کے ایم پی گارڈن فنکشن ہال میں تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ کی جانب سے جمعہ کے روز کی گئی ضبطی کارروائی پرتشدد رخ اختیار کر گئی، جس کے دوران اسسٹنٹ اسٹیٹ Officer Diesآر جگدیشور راؤ ہلاک ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ فنکشن ہال 1.22 کروڑ روپئے کرایہ واجب الادا ہونے کی بنا پر بورڈ کی تحویل میں لیا جا رہا تھا۔
عہدیدار جب مقام پر پہنچے تو مبینہ طور پر کرایہ دار کی جانب سے تعینات کردہ پرائیویٹ باؤنسروں اور مقامی افراد نے رکاوٹیں ڈالیں۔ اس دوران زبردست جھڑپ ہوئی جس میں جگدیشور راؤ اچانک گر پڑے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر وہ جھگڑے کے دوران بے ہوش ہوئے اور اسی دوران ان کی موت واقع ہو گئی، تاہم موت کی اصل وجہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
ہاؤزنگ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ کرایہ کی مسلسل عدم ادائیگی کے سبب قانونی کارروائی پہلے ہی شروع ہو چکی تھی، اور یہ ضبطی عمل اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور اُن افراد کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جنہوں نے کارروائی میں رکاوٹ ڈالی یا جھگڑے کو ہوا دی۔
سینئر عہدیداروں نے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔