
حیدرآباد: تلنگانہ میں گرام Panchayat Electionsکی تیاریوں کے تحت پنچایت راج محکمہ نے ریاست بھر میں ووٹر فہرستوں کی مکمل ازسرنو تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام ریاستی الیکشن کمیشن کی تازہ ہدایات پر اٹھایا گیا ہے۔
ریاست میں پنچایتوں اور وارڈوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پرانی ووٹر فہرستوں کو ختم کرتے ہوئے نئی فہرستیں ازسرِ نو ہر گاؤں کی سطح پر وارڈ کے مطابق تیار کی جا رہی ہیں۔ اس بار ووٹر تفصیلات جمع کرنے اور اپ لوڈ کرنے کی ذمہ داری پنچایت سکریٹریوں کو دی گئی ہے، جب کہ اس سے قبل یہ کام ایم پی ڈی او لاگ اِن کے ذریعے ٹی پول سافٹ ویئر پر انجام دیا جاتا تھا۔
محکمہ نے ٹی پول ڈیٹا بیس سے پرانی ووٹر فہرستوں کو مکمل طور پر حذف کر دیا ہے۔ اب ہر سکریٹری کو اپنے انفرادی لاگ اِن کے ذریعے نئی فہرستیں اپ لوڈ کرنا ہوگا، جس کے بعد ایم پی ڈی اوز ان فہرستوں کا جائزہ لیں گے اور پھر یہ ڈیٹا ضلعی پنچایت افسر کو حتمی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔
یہ تبدیلیاں ان جاری مباحثوں سے بھی جڑی ہیں جن میں ریاست کے مختلف علاقوں میں نئے وارڈز اور پنچایتوں کی تشکیل پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایسی کسی بھی تبدیلی کی صورت میں انتخابی حدود میں ردوبدل متوقع ہے، جس کی وجہ سے ووٹروں کی دوبارہ رجسٹریشن وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے۔
محکمہ پنچایت راج نے ٹی پول سسٹم کو بھی نئی ورک فلو کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ مستقبل میں کوئی تکنیکی دقت پیش نہ آئے۔