
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے منگل کے روز ٹی ایس آر ٹی سی کے خلاف جاری کردہ 131.76 کروڑ روپئے کے پی ایف واجبات کے نوٹس پر عبوری حکم امتناعی جاری کیا ہے۔ PF Dues Notice سے متعلق یہ فیصلہ جسٹس این وی شروَن کمار نے اس وقت دیا جب کارپوریشن کی جانب سے فروری 11 کو جاری کردہ نوٹس کو چیلنج کیا گیا۔
یہ نوٹس علاقائی پروویڈنٹ فنڈ کمشنر کی جانب سے جاری کی گئی تھی، جو صرف “اے پی ایس آر ٹی سی” کے نام پر تھی اور آندھرا پردیش و تلنگانہ کے درمیان واجبات کی تقسیم کو واضح نہیں کیا گیا تھا۔
ٹی ایس آر ٹی سی کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل اے سدھارشن ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ ریاست تلنگانہ 2003–04 سے 2023–25 تک انشورنس اسکیم کے تحت پہلے ہی 95.19 کروڑ روپئے ادا کر چکی ہے۔ مزید یہ کہ 10,270 مرحوم ملازمین کے خاندانوں کو 160.54 کروڑ روپئے معاوضے کے طور پر ادا کیے گئے اور 2014–15 تک تمام کلیمز مکمل طور پر نمٹائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ پی ایف دفتر کی جانب سے جن 600 زیر التوا دعووں کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں سے 433 آندھرا پردیش سے تعلق رکھتے ہیں اور صرف 165 کلیمز تلنگانہ کے ہیں۔ اس کے باوجود تلنگانہ سے 2024–25 تک کی تمام ادائیگیاں مکمل ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب پی ایف کمشنر کے وکیل نے دلیل دی کہ اس مقدمہ کے لیے دستیاب اپیل کا متبادل راستہ موجود ہے، اس لیے براہ راست ہائی کورٹ سے رجوع کرنا درست نہیں۔
عدالت نے پی ایف کمشنر سے وضاحت طلب کی کہ یہ 131.76 کروڑ روپئے کا مطالبہ صرف اے پی ایس آر ٹی سی کے نام پر کیوں کیا گیا اور تلنگانہ کو بغیر کسی واجبی تقسیم کے کیوں ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ عدالت نے علاقائی اور اسسٹنٹ پی ایف کمشنرز، اے پی ایس آر ٹی سی اور یونین بینک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 29 جولائی تک ملتوی کر دی۔