پریاگ راج میں کمبھ میلے سے واپسی کے دوران سڑک حادثہ، تلنگانہ کے تین افراد ہلاک اور تین شدید زخمی۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
حیدرآباد: اتر پردیش کے پریاگ راج میں منعقدہ مہا کمبھ میلے سے واپسی کے دوران ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں تلنگانہ کے تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان کار میں کمبھ میلے میں شرکت کے لیے گیا تھا۔ وہاں پوجا کے بعد واپسی کے دوران ان کی کار کو ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
مرنے والوں میں ظہیر آباد ایریگیشن ڈی ای وینکٹ رامی ریڈی، ان کی اہلیہ ولاسنی، اور کار ڈرائیور نیالکل منڈل کے رہائشی ملّا ریڈی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کیس درج کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ زخمیوں کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
یہ حادثہ کمبھ میلے میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران پیش آیا، جس سے متاثرہ خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پولیس مزید تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف ہے، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔