
حیدرآباد: محبوب نگر کے پیبرّو ٹاؤن میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک 7 فٹ لمبا پائتھن سانپ ایک گھر میں داخل ہو کر ایک نوجوان کے بستر میں جا چھپا۔ یہ واقعہ پیر کی شب تقریباً 3 بجے چلیملا کالونی میں پیش آیا۔
چنّا کشورولو نامی نوجوان، جو رات کو گھر کے برآمدے میں چارپائی پر سو رہا تھا، پڑوس کے کتوں کے مسلسل بھونکنے کی آواز سے جاگ گیا۔ اس نے محسوس کیا کہ بستر پر کچھ حرکت ہو رہی ہے، تو فوراً اٹھ کر دیکھا تو پائتھن اس کے بستر کی چادر کے نیچے کنڈلی مارے بیٹھا تھا۔ اس نے فوراً چیخ و پکار شروع کی، جس سے گھر والے اور پڑوسی جاگ گئے۔
اتنے میں سانپ بستر سے نکل کر ایک سیڑھی کے نیچے جا چھپا۔ مقامی رہائشی ملیش نے ونپرتی میں ساگر اسنیک سوسائٹی کے صدر کرشنا ساگر سے رابطہ کیا، جو اپنی ٹیم کے ارکان چلوکا کمار ساگر اور اویناش کے ساتھ فوری موقع پر پہنچے۔ ٹیم نے 13 کلو وزنی اس پائتھن کو بحفاظت پکڑ لیا۔
یہ Python Rescue کارروائی محکمہ جنگلات کے سیکشن آفیسر وجے کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ سانپ کو بعد ازاں پیڈا گوڑم جنگلاتی علاقے میں قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا گیا۔
محکمہ جنگلات کے حکام نے خبردار کیا کہ برسات کے موسم میں سانپ اکثر رہائشی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اطراف کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اگر کسی سانپ کو دیکھیں تو فوری طور پر وائلڈ لائف ریسکیو ٹیم کو اطلاع دیں۔