
حیدرآباد: تلنگانہ میڈیکل کونسل (TGMC) نے ریاست بھر کے رجسٹرڈ ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کلینکس اور نسخوں پر اپنا منفرد QR Codes Transparency کوڈ نمایاں طور پر آویزاں کریں تاکہ مریضوں کو آسانی سے ان کی اہلیت کی تصدیق ہو سکے اور جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی میں مدد ملے۔
ٹی جی ایم سی کے مطابق، ہر رجسٹرڈ ڈاکٹر کو رجسٹریشن کے وقت ہی کیو آر کوڈ والا سرٹیفکیٹ فراہم کیا جاتا ہے، جس میں اس ڈاکٹر کی مکمل تفصیلات محفوظ ہوتی ہیں۔ کونسل نے حالیہ مہینوں میں ایسے کیو آر کوڈ والے سرٹیفکیٹس جاری کرنا شروع کیا ہے۔
ٹی جی ایم سی کے وائس چیئرمین ڈاکٹر جی سری نواس نے بتایا کہ کیو آر کوڈ ہر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا حصہ ہے، اور تمام پریکٹیشنرز سے گزارش ہے کہ وہ اسے اپنے کلینک کی سائن بورڈ اور نسخوں پر نمایاں کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مریضوں کیلئے ڈاکٹروں کی اسناد کی فوری تصدیق کو ممکن بنانا اور عطائیت کے بڑھتے رجحان کو روکنا ہے۔ ٹی جی ایم سی کی ویب سائٹ پر “ڈاکٹر سرچ” آپشن بھی دستیاب ہے، جہاں رجسٹریشن نمبر درج کر کے کسی بھی ڈاکٹر کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر سری نواس نے مزید کہا کہ کونسل کی یہ پہل شفافیت کو فروغ دینے اور غیر مجاز طبی عمل کو روکنے کی جامع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور معیاری طبی خدمات کو یقینی بنایا جا سکے گا۔