
حیدرآباد: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ [en]Raghunandan Rao Hospitalised[/en] سکندرآباد کے یشودھا ہاسپٹل میں شریک ہیں، جہاں ان کا علاج آرتھوپیڈک وارڈ میں جاری ہے۔ بی جے پی ذرائع نے ان کی شریکِ ہاسپٹل ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ کس بیماری یا تکلیف کے سبب داخل ہوئے ہیں۔
رگھونندن راو میدک پارلیمانی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور وہ ان افراد میں شامل ہیں جن کے فون مبینہ طور پر بی آر ایس حکومت کے دوران ٹیاپ کئے گئے تھے۔ گذشتہ دنوں فون ٹیاپنگ معاملے کی تحقیقات میں تیزی لاتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کئی متاثرین کو نوٹس جاری کئے گئے تھے اور ان کے بیانات قلمبند کئے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، رگھونندن راو کی خرابی صحت کے پیش نظر اے سی بی کے عہدیدار ممکنہ طور پر ہاسپٹل پہنچ کر ان کا بیان لیں گے۔ ان کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے تاکہ تحقیقات کا عمل متاثر نہ ہو۔
یہ بھی واضح رہے کہ حالیہ دنوں ماوسٹوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے ان کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔ اب ان کے ہر دورے پر پولیس اسکارٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
بی جے پی حلقوں میں ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور جلد صحتیابی کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔