Read in English  
       
BC Reservation
Spread the love

حیدرآباد: بی جے پی رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے BC Reservationکے معاملے پر کانگریس پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کا الزام عائد کیا۔

دہلی میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رگھونندن راؤ نے کہا کہ کانگریس بی سی طبقات کے لیے ہمدردی کا ڈھونگ رچا رہی ہے، جبکہ حقیقت میں اس نے کبھی ان طبقات کو حقیقی اختیار نہیں دیا۔

انہوں نے راہول گاندھی کو چیلنج کیا کہ اگر وہ واقعی بی سی طبقات سے مخلص ہیں تو تلنگانہ میں چیف منسٹر کا عہدہ کسی بی سی لیڈر کے حوالے کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے بھی کسی بی سی لیڈر کو نامزد کیا جائے۔

رگھونندن راؤ نے کانگریس کے 55 سالہ اقتدار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا کبھی کسی بی سی لیڈر کو وزیر اعظم بنایا گیا؟ انہوں نے تلنگانہ کابینہ میں ذات پات کے توازن پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ریڈی طبقہ، جس کی آبادی نسبتاً کم ہے، کو چار وزارتیں دی گئی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ جو اعلیٰ ذاتیں ریاست کی آبادی کا 10 فیصد بھی نہیں ہیں، انہیں سات وزارتیں کس بنیاد پر دی گئیں؟ انہوں نے راہول گاندھی سے وضاحت طلب کی کہ کانگریس نے ملک بھر میں کتنے بی سی لیڈروں کو چیف منسٹر کے عہدے تک پہنچایا ہے۔

رگھونندن راؤ نے کہا کہ کانگریس صرف بی سی طبقات کے جذبات سے کھیلتی ہے، لیکن ان کو بااختیار بنانے کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھاتی۔