
حیدرآباد: حیدرآباد کے ونستھلی پورم علاقے میں Reheated Meat کھانے کے بعد ایک شخص کی موت واقع ہو گئی، جبکہ ان کے خاندان کے سات افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ آر ٹی سی کالونی، چنتل کنٹہ میں پیش آیا جہاں 46 سالہ سرینواس یادو، جو کہ ایک آر ٹی سی کنڈکٹر تھے، نے اتوار کے روز بونالو تہوار کے موقع پر مٹن اور چکن گھر لایا تھا۔ وہی گوشت اتوار کی رات کو پکایا اور کھایا گیا۔
بچ جانے والے کھانے کو فریج میں محفوظ کر کے پیر کو دوبارہ گرم کر کے استعمال کیا گیا۔ گوشت کھانے کے فوراً بعد تمام آٹھ افراد کو قے اور دست کی شکایت ہونے لگی۔ تمام افراد کو فوری طور پر قریبی خانگی اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاج کے دوران سرینواس یادو کی حالت بگڑ گئی اور منگل کی صبح ان کا انتقال ہو گیا۔ خاندان کے دیگر سات افراد زیر علاج ہیں اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھے گئے ہیں۔
پولیس نے خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور فریج میں محفوظ گوشت کے نمونے حاصل کر کے لیباریٹری معائنہ کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں۔ یہ واقعہ فریج میں رکھے گئے کھانے کو دوبارہ گرم کر کے استعمال کرنے کے خطرات کی جانب توجہ دلاتا ہے۔