حیدرآباد: وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ریاست میں بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے تحت ’ریجنل رنگ روڈ‘ (RRR) اور قومی شاہراہوں (NHs) کے منصوبوں میں تیزی لانے اور ایک مستقبل بین ڈرائی پورٹ کی تعمیر کی تجویز دی ہے، جو ریاست کے لاجسٹک نظام کو آئندہ 100 سالوں تک سہارا دے سکے۔
جمعہ کو انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (ICCC) میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ مجوزہ ڈرائی پورٹ RRR کے قریب قائم کی جائے اور اس کا تصور ریاست کی آئندہ لاجسٹک ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے پیش کیا جائے۔
یہ جائزہ ایک ایسے وقت لیا جارہا ہے جب حال ہی میں دہلی میں آندھرا پردیش و تلنگانہ کے درمیان منعقدہ بین ریاستی اجلاس میں مرکزی داخلہ سکریٹری نے اس سلسلہ میں ہدایات دی تھیں۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ حیدرآباد-وجئے واڑہ گرین فیلڈ ہائی وے کے لیے ڈی پی آر کو جلد منظوری دلائی جائے۔
انہوں نے آر آر آر کے شمالی حصے کے لیے زمین کے حصول کا عمل فوری مکمل کرنے اور جنوبی حصے کے لیے مشاورتی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی دی۔ ساتھ ہی ریونت ریڈی نے حیدرآباد کو چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور سے جوڑنے کے لیے نئی قومی شاہراہ کے منصوبے کی تیاری کی تجویز بھی رکھی۔
وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع میں قومی شاہراہوں کی تعمیر میں زمین کے حصول میں درپیش مسائل پر بھی غور کیا۔ افسران نے بتایا کہ کئی مقامات پر کھڑی فصلیں اس عمل میں رکاوٹ بن رہی ہیں اور NHAI فصلوں کے نقصان کا ازالہ کرنے پر آمادہ نہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ چونکہ فصلوں کی کٹائی کا موسم ختم ہو چکا ہے، لہٰذا کسانوں سے مذاکرات کا عمل فوری شروع کیا جائے۔
ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری شانت کماری کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کلکٹروں سے رابطہ کریں تاکہ مقامی سطح پر موجود تکنیکی اور قانونی رکاوٹوں کو جلد دور کیا جا سکے۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ Outer Ring Road (ORR) کو RRR سے جوڑنے والی ریڈیل سڑکوں کو بہتر بنایا جائے اور RRR سے تلنگانہ کی سرحدوں تک سڑکوں کے نیٹ ورک کو وسعت دی جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیران ویم نریندر ریڈی، سرینواس راجو، چیف سکریٹری شانتی کماری، محکمہ آر اینڈ بی کے اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج، اسپیشل سکریٹری ہری چندنا، اور سینئر انجینئرنگ افسران تروملا اور جے بھارتی موجود تھے۔
రానున్న వందేళ్ల అవసరాలకు అనుగుణంగా డ్రైపోర్ట్కు రూపకల్పన చేయాలని ముఖ్యమంత్రి @revanth_anumula గారు అధికారులకు సూచించారు. రీజినల్ రింగ్ రోడ్డు సమీపంలో సరైన ప్రాంతంలో డ్రైపోర్ట్ ఉండాలని చెప్పారు. రాష్ట్రంలో జాతీయ రహదారుల నిర్మాణం, #RRR పనుల పురోగతిపై ముఖ్యమంత్రి… pic.twitter.com/Fr9E7jHMEj
— Telangana CMO (@TelanganaCMO) April 11, 2025