حیدرآباد: وزیراعلی اے۔ ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز نیکلس روڈ، آئی میکس کے قریب واقع مقام پر مہاتما جیوتی راو پھولے کے مجسمے کی تنصیب کے مجوزہ مقام کا معائنہ کیا۔
وزیراعلی کے ہمراہ نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرامارکا، ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ، رکن پارلیمان انیل کمار یادو، جی ایچ ایم سی کی میئر گدوال وجئے لکشمی، سابق ایم پی انجن کمار یادو، بی سی لیڈر جاجولا سرینواس گوڑ اور دیگر عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔
ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ مقام کا مکمل سروے کریں اور ایک جامع منصوبہ تیار کریں تاکہ مستقبل میں عوام یا ٹریفک کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی اس انداز میں کی جائے کہ شہری سہولیات متاثر نہ ہوں اور مجسمے کی تنصیب عوامی خواہشات کے مطابق ہو۔
جیوتی راو پھولے جینتی پر خراج عقیدت
اس سے قبل، مہاتما جیوتی راو پھولے کی یومِ پیدائش کے موقع پر، چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امبرپیٹ میں واقع ان کے مجسمے پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ، چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی، رکن پارلیمان انیل کمار یادو، سابق اراکین پارلیمان وی۔ ہنمنت راؤ اور انجن کمار یادو، کئی اراکین اسمبلی و کونسل، میئر وجئے لکشمی اور حلقہ انچارج روہن ریڈی بھی موجود تھے۔
جیوتی راو پھولے، جنہوں نے سماجی انصاف، خواتین کی تعلیم اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، آج بھی تلنگانہ اور مہاراشٹرا میں سماجی بیداری اور مساوات کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔