
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TSRTC) نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں ریاست بھر میں خواتین کی جانب سے RTC Free Rides کے تحت 200 کروڑ سے زائد مفت بس سفر کیے جا چکے ہیں۔ منگل کے روز ٹی ایس آر ٹی سی نے اعلان کیا کہ ان مفت سفروں کی مجموعی مالیت تقریباً 6,700 کروڑ روپئے ہے۔
یہ فلاحی پروگرام ریاست میں کانگریس حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد شروع کیا گیا تھا اور اب تک تقریباً 18 ماہ سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس اسکیم کے تحت تلنگانہ کی خواتین صرف اپنا آدھار کارڈ دکھا کر آر ٹی سی بسوں میں بغیر کرایہ سفر کر سکتی ہیں۔
اس اہم کامیابی کی مناسبت سے بدھ کے روز ریاست کے تمام 97 آر ٹی سی ڈپوز اور 341 بس اسٹیشنز پر خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اس موقع پر جشن منانے کی ہدایت دی ہے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے اس اسکیم کے لیے باقاعدہ فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں، اور یہ اسکیم کانگریس حکومت کی اہم ترین فلاحی پہل کاریوں میں سے ایک بن چکی ہے۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں یہ اسکیم خواتین کو بااختیار بنانے اور روزمرہ سفر کو سہل بنانے کے لیے ایک نمایاں مثال قرار دی جا رہی ہے۔