حیدرآباد: تلنگانہ میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی (CLP meeting) کی میٹنگ میں ایک اہم اور سنسنی خیز فیصلہ سامنے آیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی ارکان اسمبلی کو ہدایت دی گئی کہ وہ حکومت کی اسکیموں کو زمینی سطح تک عوام میں مؤثر انداز میں پہنچائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کی بہتری کے لیے متعدد انقلابی فلاحی اسکیمیں لا رہی ہے، جنہیں ہر گاؤں اور ہر گھر تک پہنچانے کے لیے پارٹی کی سطح پر متحرک مہم شروع کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم مئی سے 2 جون تک تمام کانگریس ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقہ انتخاب کے ہر گاؤں کا دورہ کریں گے اور عوام کو حکومت کی اسکیموں سے واقف کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے خاص طور پر کہا کہ ‘اندرامّا ہاؤزنگ اسکیم’، ‘بھو بھارت’، ‘عمدہ چاول اسکیم’ اور طبقاتی مردم شماری کے فیصلے جیسے اقدامات کو بڑے پیمانے پر عوام تک پہنچایا جانا ضروری ہے، تاکہ حکومت کی شفافیت اور نیت کو عوام خود دیکھ سکیں۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ چند جماعتیں اور افراد عوامی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے جھوٹے بیانیوں کا منہ توڑ جواب تبھی ممکن ہے جب عوام خود حکومت کے اقدامات سے واقف ہوں۔
اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اگر پارٹی اور حکومت کی کارکردگی عوام تک نہ پہنچے تو آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ اسی لیے تمام قائدین سے کہا گیا کہ وہ پارٹی کی عزت اور حکومت کی ساکھ کو مضبوط بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم میں حصہ لیں۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ تمام ارکان اسمبلی اپنی ماہانہ تنخواہ میں سے 25,000 روپۓ پارٹی مہمات کے لیے عطیہ کریں گے، تاکہ زمینی سطح پر حکومتی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے متعارف کرایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے آخر میں کہا کہ کانگریس حکومت نے جس اعتماد سے عوام کی حمایت حاصل کی ہے، اس کا صلہ تبھی ممکن ہے جب حکومت کی کامیابیاں عوامی سطح پر نظر آئیں۔ اس لیے ہر قائد پر لازم ہے کہ وہ نہ صرف اپنی کارکردگی بلکہ ریاست کی ترقی میں حکومت کا کردار بھی عوام کے سامنے پیش کریں۔