
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 28 جون کو شام 4 بجے سرلنگم پلی میں چھ لین والے شلپا لے آؤٹ فیز 2 فلائی اوور کا افتتاح کریں گے۔ [en]Shilpa Layout Flyover[/en] کا مقصد تیزی سے پھیلتے آئی ٹی کاریڈور میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا ہے۔
یہ فلائی اوور 182.72 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور 1.20 کلومیٹر طویل ہے، جو آؤٹر رنگ روڈ سے کونڈاپور تک پھیلا ہوا ہے۔ اس منصوبے سے فائنانشل ڈسٹرکٹ، مادھاپور اور شمس آباد کی سمت ٹریفک میں کافی حد تک بہتری آنے کی توقع ہے۔
افتتاح سے قبل جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے مقام کا معائنہ کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام انتظامات بلا تاخیر مکمل کر لیے جائیں۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے صدر اور سرلنگم پلی کے ایم ایل اے اریکاپوڈی گاندھی، زونل اور پروجیکٹ انجینئروں کے ہمراہ مقام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افتتاحی تختی اور عوامی جلسہ گاہ کے آس پاس کے علاقوں کا بھی معائنہ کیا۔
کمشنر کرنن نے بتایا کہ نئے فلائی اوور کے ذریعے گچی باولی جنکشن سے کونڈاپور کی واپسی کا راستہ بھی ہموار ہوگا، جس سے سفر میں تاخیر کم ہوگی۔
زونل کمشنر ہیمنت سہا دیو راؤ، پروجیکٹ چیف انجینئر بھاسکر ریڈی، سپرنٹنڈنگ انجینئروں، ایگزیکٹیو اور ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئروں نے بھی معائنہ میں شرکت کی۔