جنوبی کوریا کے چئونان میں زیر تعمیر پل گرنے سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی، امدادی کارروائیاں جاری، حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
SEOUL:
جنوبی کوریا میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جب زیر تعمیر پل گرنے سے دو افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ منگل کی صبح دارالحکومت سیئول کے جنوب میں واقع شہر چئونان میں ایک ہائی وے پر پیش آیا۔ حکام نے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
حادثہ صبح 9:49 بجے اس وقت پیش آیا جب ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ مزدور 50 میٹر طویل فولادی ڈھانچہ کرین کے ذریعے منتقل کر رہے تھے، جو پل کی سپورٹ کے لیے استعمال ہونا تھا۔ اس دوران، پہلے سے نصب شدہ دھاتی فریم اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک زنجیری ردعمل ہوا اور پوری ساخت گر گئی۔
دو مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی ٹیمیں سرگرم ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جس کے بعد حکام نے واقعے کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور حکام حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔