حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں دسویں جماعت کے SSC Exams یعنی اڈوانسڈ سپلمنٹری امتحانات کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ یہ امتحانات 3 جون سے شروع ہوں گے اور 13 جون کو اختتام پذیر ہوں گے۔
ان امتحانات میں مجموعی طور پر 42,832 طلبہ شرکت کریں گے، جن میں 26,286 طلباء اور 16,546 طالبات شامل ہیں۔ ریاست بھر میں 150 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو سہولت فراہم کی جاسکے۔
امتحان کا وقت صبح 9:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ ایس ایس سی بورڈ نے واضح کیا ہے کہ تمام طلبہ کو لازماً اپنے ہال ٹکٹس تلنگانہ بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن کی سرکاری ویب سائٹ bse.telangana.gov.in سے ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔
امتحان میں شرکت کے لئے ہال ٹکٹ کا ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے اور طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح 9 بجے ہی اپنے امتحانی مراکز پر پہنچ جائیں تاکہ کسی بھی تاخیر سے بچا جاسکے۔
یہ امتحانات اُن طلبہ کے لئے منعقد کئے جا رہے ہیں جو مارچ 2025ء میں ہونے والے امتحانات میں ناکام ہوگئے تھے۔ بورڈ کے مطابق ان امتحانات کے نتائج جولائی کے مہینے میں جاری کئے جائیں گے۔