حیدرآباد: سپریم کورٹ نے سینئر وکیل جوڑے گٹو وامن راؤ اور ناگامنی کے بہیمانہ قتل معاملہ میں تلنگانہ حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ تین ہفتوں کے اندر اندر مقدمے سے متعلق تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کرے۔
یہ کاروائی ایک عرضی کی سماعت کے دوران عمل میں آئی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وامن راو قتل معاملہ کی تحقیقات مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کے سپرد کی جائے تاکہ انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ کیس اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب وامن راؤ اور ان کی اہلیہ ناگامنی کو دن دہاڑے قتل کر دیا گیا، جس سے ریاست بھر میں شدید عوامی غم و غصہ پیدا ہوا۔ اس واقعے پر پولیس کی ابتدائی تفتیش اور ممکنہ سیاسی روابط پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ریاستی پولیس کی تفتیش میں شفافیت کا فقدان ہے اور صرف ایک آزاد ادارہ ہی اس حساس معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر سکتا ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے مکمل مقدماتی ریکارڈ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ ایک ہائی پروفائل کیس سمجھا جا رہا ہے، اور انسانی حقوق و قانونی برادری کی جانب سے بھی اس میں آزادانہ تحقیقات کا پرزور مطالبہ کیا جا رہا ہے۔