
حیدرآباد: ٹی وی اینکر سوئیچا کی موت[en]Swetcha Suicide[/en] کے معاملے میں پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ خاندان نے اسے مشتبہ قرار دیتے ہوئے ایک شخص پر مسلسل ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔ پولیس نے والدین کی شکایت پر مشتبہ موت کا کیس درج کر لیا ہے۔
سوئیچا کے والد شنکر نے الزام لگایا کہ پورناچندر نامی شخص ان کی بیٹی کو گزشتہ تین سال سے ہراساں کر رہا تھا اور یہی اس کی خودکشی کی بنیادی وجہ بنی۔ شنکر کے مطابق، پورناچندر نے شادی کے وعدے پر سوئیچا کو جذباتی طور پر پریشان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سوئیچا نے ابتدائی طور پر شادی کی حامی بھری تھی، لیکن مسلسل جھگڑوں کے بعد اس نے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ 26 جون کو سوئیچا نے ایک بار پھر پورناچندر سے جھگڑے کے بعد والد کو گھر بلایا تھا اور واضح کہا تھا کہ وہ اس رشتے کو آگے نہیں بڑھانا چاہتی۔
شنکر نے بتایا کہ ان کی بیٹی مسلسل ذہنی دباؤ میں تھی اور یہی وجہ بنی کہ اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔
سوئیچا کی میت کا پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل میں مکمل کیا گیا۔ آج شام ان کے جسد خاکی کو رام نگر کے پارسی گوٹہ منتقل کر کے آخری رسومات انجام دی جائیں گی۔ ہاسپٹل کے باہر پولیس کی نفری تعینات رہی۔
بی آر ایس کے قائدین اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے ہاسپٹل پہنچ کر غمزدہ خاندان سے ملاقات کی۔ سوئیچا کے والدین نے ذاتی صدمے کے باوجود ان کی آنکھیں عطیہ کیں، جنہیں گاندھی ہاسپٹل کے طبی عملے نے حاصل کر لیا۔