
حیدرآباد:تلنگانہ انسداد بدعنوانی بیورو [en]Telangana ACB[/en] نے جون 2025 کے دوران مجموعی طور پر 31 مقدمات و تحقیقات درج کیں، جن میں 15 ٹریپ کیسز، 2 ناجائز اثاثہ جات کے مقدمات، 3 مجرمانہ بدسلوکی کے کیسز، 4 باقاعدہ انکوائریز اور 7 سرپرائز چیکس شامل ہیں۔
جون میں اے سی بی نے 25 سرکاری ملازمین (جن میں 2 آؤٹ سورسنگ یا نجی افراد شامل ہیں) کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دیا۔ ٹریپ کیسز کے دوران 3,43,500 روپئے نقدی برآمد کی گئی۔ ناجائز اثاثہ جات کے دو معاملات میں بالترتیب 13.5 لاکھ اور 5.22 کروڑ روپئے مالیت کے اثاثے ضبط کیے گئے۔ آر ٹی اے چیک پوسٹس اور سب رجسٹرار دفاتر پر اچانک جانچ کے دوران 2,72,030 روپئے کی غیر محسوب رقم برآمد ہوئی۔
جنوری سے جون 2025 کے درمیان، اے سی بی نے مجموعی طور پر 126 مقدمات درج کیے جن میں 80 ٹریپ کیسز، 8 ناجائز اثاثہ جات کے کیسز، 14 مجرمانہ بدسلوکی کے مقدمات، 10 باقاعدہ انکوائریز، 11 سرپرائز چیکس اور 3 خفیہ تحقیقات شامل ہیں۔ اس مدت کے دوران 125 سرکاری ملازمین (جن میں 8 آؤٹ سورسنگ یا نجی افراد شامل ہیں) گرفتار ہوئے۔ ٹریپ کیسز میں کل 24.57 لاکھ روپئے اور مختلف محکموں میں 27.66 کروڑ کے ناجائز اثاثے برآمد ہوئے۔
جون میں اے سی بی نے 11 مقدمات کی تحقیقات مکمل کر کے حکومت کو رپورٹ پیش کی، جب کہ جنوری تا جون 129 مقدمات کی فائنل رپورٹس داخل کی گئیں۔
اے سی بی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم رشوت طلب کرے تو وہ فوری طور پر بیورو کو اطلاع دیں۔ شکایات کے لیے ٹول فری نمبر 1064، واٹس ایپ (9440446106)، فیس بک (Telangana ACB) اور ایکس (@TelanganaACB) کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ حکام نے یقین دلایا کہ شکایت کنندگان کی شناخت مکمل طور پر راز میں رکھی جائے گی۔