
حیدرآباد: تلنگانہ کابینہ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ [en]Telangana Cabinet[/en] کا یہ اجلاس حالیہ طور پر شامل کیے گئے وزراء کے ساتھ پہلا باقاعدہ اجلاس ہوگا، جس میں ریاستی انتظامیہ اور گورننس سے متعلق اہم امور زیر غور آئیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کابینہ مقامی بلدی انتخابات کے انعقاد اور انتخابی شیڈول کے اعلان پر فیصلہ کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ دریائے گوداوری کے پانی کے انتظام سے متعلق ریاستی حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندر بابو نائیڈو کو بین ریاستی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے دعوت دینے کا امکان بھی زیر غور ہے۔
ریاستی حکومت کی مختلف فلاحی اسکیمات کے لیے فنڈنگ کے ذرائع، رقومات کی اجرائی، اور بجٹ منظوری جیسے معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔ خاص طور پر ریتو بھروسہ اسکیم کے فنڈز، خریف فصل کی تیاری، اور کسانوں کے مسائل اجلاس کا اہم حصہ ہوں گے۔
کابینہ اجلاس میں تلنگانہ اسپورٹس پالیسی کے مسودہ پر بھی بحث متوقع ہے، جس کے ذریعے ریاست میں کھیلوں کے فروغ کے لیے نئی رہنمایانہ پالیسی وضع کی جائے گی۔
اس کے علاوہ کالیشورم کمیشن کی جانب سے موصولہ مکتوب پر ریاستی حکومت کے ردعمل اور آئندہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بنکاچرلہ آبپاشی منصوبہ بھی اجلاس میں پیش کیے جانے والے امور میں شامل ہے۔
ریاست بھر میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی نظر اس کابینہ اجلاس پر مرکوز ہے، کیونکہ اس میں کئی اہم عوامی اور زرعی فیصلے لیے جانے کی توقع ہے۔