حیدرآباد: ریاستی وزیر ڈی سریدھربابو نے بتایا کہ فیوچر سٹی منصوبے کے لیے ایک فیوچر ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی ہے، جو سات منڈلوں اور 56 ریونیو گاؤں میں اس منصوبے کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے شہری ترقی کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت رنگا ریڈی ضلع میں 770 مربع کلومیٹر پر محیط فیوچر سٹی تعمیر کی جائے گی۔
حکومت نے تیز رفتار ترقی کے لیے ایک اسپیشل ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی تشکیل دی ہے، جس کا مقصد حیدرآباد کو عالمی سطح پر ایک ماڈل سٹی بنانا ہے۔ شری دھر بابو نے کہا کہ پلاننگ کے تحت شہر کی ترقی ضروری ہے، تاکہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
وزیر نے وضاحت کی کہ اب تک کسی کسان کی زمین زبردستی حاصل نہیں کی گئی، اور حکومت صرف کسانوں کی رضا مندی سے ہی آگے بڑھے گی تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
اس ترقیاتی ماڈل کے تحت آٹھ فارماسیوٹیکل کمپنیاں پہلے ہی اپنے صنعتی یونٹ قائم کرنے کے لیے منصوبے بنا رہی ہیں، جو اس خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گی۔
فیوچر سٹی منصوبہ تلنگانہ میں شہری ترقی کی ایک نئی مثال قائم کرے گا، جس کے تحت انفراسٹرکچر اور معیشت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔