تلنگانہ میں رجسٹریشن کا نیا دور، 144 دفاتر میں سلاٹ بکنگ سسٹم نافذ | Telangana

Hyderabad Metro Expansion

حیدرآباد: Telangana میں جائیداد کے رجسٹریشن کا عمل اب پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور شفاف بنا دیا گیا ہے، کیونکہ ریاست کے تمام 144 سب رجسٹرار دفاتر میں آج سے سلاٹ بکنگ سسٹم کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام برسوں سے جاری لمبی قطاروں اور تاخیر سے نجات دلانے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزیر ریونیو پونگلیٹی سرینواس ریڈی نے اتوار کے روز اسکیم کے جائزہ اجلاس کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کو دو مرحلوں میں پہلے ہی 47 دفاتر میں آزمائشی طور پر لاگو کیا جا چکا ہے، جس کے بعد بقیہ 97 دفاتر میں آج سے اس کا آغاز ہو رہا ہے۔

وزیر نے بتایا، “اپریل سے اب تک 45,000 سے زائد دستاویزات رجسٹر کی جا چکی ہیں — پہلے مرحلے میں 30,592 اور دوسرے میں 14,099۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سسٹم مؤثر اور مقبول ہے۔ تقریباً 94 فیصد صارفین نے مثبت رائے دی ہے اور کہا ہے کہ یہ سسٹم تیز اور آسان ہے۔”

محکمہ اسٹامپس و رجسٹریشن کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ یہ قدم عوامی سہولت، شفافیت اور کرپشن کے امکانات کو کم کرنے کی غرض سے اٹھایا گیا ہے۔ اب شہری اپنی سہولت کے مطابق پہلے سے سلاٹ بک کر سکتے ہیں، جس سے وقت کی بچت ہوگی اور دفاتر میں ہجوم کم ہوگا۔

اس کے علاوہ، تمام سب رجسٹرار دفاتر میں “میدھا” نامی ایک اے آئی پر مبنی چیٹ بوٹ بھی متعارف کیا گیا ہے، جو واٹس ایپ نمبر 82476 23578.پر دستیاب ہے۔ یہ چیٹ بوٹ رجسٹریشن فیس، مارکٹ ویلیو، سیل ڈیڈ اور گفٹ ڈیڈ سے متعلق رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

پونگلیٹی سرینواس ریڈی نے یہ بھی اعلان کیا کہ کچھ منتخب دفاتر میں آدھار ای-سائن کی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے، جس سے رجسٹریشن کا عمل مزید تیز ہو جائے گا۔ فی الحال آرمور (نظام ٓاباد آباد) اور کسو منچی (کھمم) میں پائلٹ پروجیکٹ چل رہا ہے، جسے جلد ریاست بھر میں توسیع دی جائے گی۔

وزیر نے کہا، “ہم ہر فیصلہ عوامی مفاد میں لیتے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ سرکاری خدمات کو مؤثر، قابلِ رسائی اور بدعنوانی سے پاک بنایا جائے۔”

حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ سسٹم کے مکمل نفاذ کے دوران کسی بھی تکنیکی خرابی پر فوری نظر رکھیں اور بروقت کارروائی کو یقینی بنائیں۔

Exit mobile version