حیدرآباد: تلنگانہ کے ایک نوجوان طالب علم کی امریکہ میں گولی مار کر ہلاکت کے بعد اس کا خاندان شدید صدمے میں ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ رنگا ریڈی ضلع، کیشمپیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والے گمپا پروین (27) کے ساتھ پیش آیا۔
پروین میلواکی، وسکونسن میں ایم ایس سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا اور اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم اسٹور جاب بھی کر رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق، بدھ (5 مارچ) کی علی الصبح پروین جب کام سے واپس آ رہا تھا تو نامعلوم حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کی۔ یہ واقعہ اس کے گھر کے قریب ایک ساحل پر پیش آیا، جہاں گولی لگنے سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پروین کے اہل خانہ کو اس افسوسناک خبر سے آگاہ کر دیا گیا ہے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ قتل تھا یا خودکشی۔
یہ واقعہ ایک بار پھر امریکہ میں ہندوستانی طلباء کی سلامتی پر سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔